15 اگست بھارت کی آزادی کا دن کشمیریوں کے لیے ظلم و جبر کی تلخ یاد بن گیا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں کشمیری عوام 15 اگست کو بھارت کے یومِ آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے مظاہروں اور احتجاجی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے باہمت کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے، حریت قیادت نے کہا کہ جب بھارت آزادی کا جشن مناتا ہے، کشمیریوں کے لیے وہ دن غلامی، فوجی تسلط اور ظلم کی علامت بن کر ابھرتا ہے۔
حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ یومِ سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی قبضے کو قبول نہیں کرتے بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حقِ خودارادیت کے منتظر ہیں۔
وادی میں حالات ایک بار پھر کشیدہ ہو گئے ہیں، بھارتی فورسز نے حریت قیادت کی اپیل کے بعد چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا، درجنوں نوجوان گرفتار کر لیے گئے جبکہ انٹرنیٹ سروسز بھی معطل کر دی گئیں۔
کشمیری نوجوانوں نے مختلف علاقوں میں سیاہ پرچم، احتجاجی بینرز اور پاکستانی جھنڈے آویزاں کیے، بھارت مخالف نعرے اور آزادی کے حق میں وال چاکنگ بھی سامنے آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک گیر بارشوں نے تباہی مچا دی، خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثر
دوسری طرف 14 اگست کو کشمیری عوام نے پاکستان کا یومِ آزادی “یومِ تشکر” کے طور پر منایا اور پاکستانی قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔





