باجوڑ کی تحصیل سلارزئی میں کلاؤڈ برسٹ سے قیمتی جانوں کے ضیاع کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے فوری طور پر تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت جاری کر دیں ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر باجوڑ اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں اور ریسکیو و ریلیف کارروائیاں جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ نے حکم دیا ہے کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کی جائے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
حکومتی اقدامات کے تحت صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو آپریشن کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کمشنر ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ کو ریسکیو کارروائیوں کی ذاتی نگرانی کی ہدایت دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ضلع دیر اور سوات کی ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بارشوں اور موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اضلاع میں پیشگی حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ممکن بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ میں بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے سے 12 افراد جان کی بازی ہار گئے
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریسکیو 1122، الخدمت فاؤنڈیشن اور مقامی رضاکار متاثرہ علاقے میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔





