باجوڑ میں بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے سے 12 افراد جان کی بازی ہار گئے

باجوڑ میں بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے سے 12 افراد جان کی بازی ہار گئے

باجوڑ کے تحصیل سلارزئی کے علاقے جبراڑئی میں شدید بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے کے حادثے میں 12 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 3 زخمی ہو گئے ہیں۔

مختلف حادثات میں جاں بحق افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، 11 افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق رات تقریباً 12 بجے جبراڑئی میں بادل پھٹنے کے باعث شدید تباہی ہوئی جس کے نتیجے میں 4 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے، پہاڑی تودہ گرنے سے راستے بند ہو گئے۔

حادثے میں تقریباً 25 افراد ملبے تلے دب گئے جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں تاہم پانی کے بہاؤ کی شدت اور سطح بلند ہونے کی وجہ سے ریسکیو مشینری کو پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں۔

ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی کا کہنا ہے کہ اب تک 11 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 3 زخمیوں کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مزید لاشوں کی تلاش کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ریسکیو 1122، الخدمت فاؤنڈیشن اور مقامی لوگ امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں، شہید ہونے والے افراد کی نماز جنازہ آج گیارہ بجے ادا کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک گیر بارشوں نے تباہی مچا دی، خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثر

ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ خار ہسپتال ڈاکٹر نصیب گل کا کہناہے کہ زخمیوں میں سے کو ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہونے کے پشاور ریفر کیا گیا ہے۔

Scroll to Top