ڈیرہ اسماعیل خان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے یومِ آزادی کے موقع پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی (بالی کھیارہ گروپ) سے تعلق رکھنے والے چار دہشتگرد گرفتار کیے گئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن، دستی بم اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سجاد احمد صاحبزادہ نے ایس پی سی ٹی ڈی افتخار علی شاہ، ایس پی سٹی علی حمزہ اور ایس پی پہاڑپور اسد علی شاہ کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی یونٹ ڈیرہ، ضلعی پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ طور پر تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدود میں واقع علاقے مٹھی بگوانی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران عمر فاروق، آصف علی، حسنین معاویہ اور ہدایت اللہ نامی دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا جو 14 اگست کی تقریبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ڈی پی او کے مطابق گرفتار دہشتگرد ماضی میں بھی متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث رہ چکے ہیں جن میں ایک درجن سے زائد معصوم شہریوں اور پولیس اہلکاروں کی شہادتیں شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے تیار شدہ آئی ای ڈی، میگنٹ، سرکٹس، پرائما کارڈز، نائن ایم ایم پستول، ایس ایم جی رائفل، میگزین، درجنوں کارتوس، متعدد دستی بم، نان الیکٹرک اور الیکٹرک ڈیٹونیٹرز، بارودی مواد، موبائل فونز اور سم کارڈز برآمد کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد تنظیم پر پابندی پاکستان کی جیت ہے، طلال چودھری
سی ٹی ڈی پولیس نے دہشتگردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔





