وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کے لیے پاکستان سے جنگ اب ایک ڈراؤنا خواب بن چکی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مودی کو خواب میں بھی پاکستان اور پاک فوج نظر آتی ہے جو اس کی ذہنی کیفیت اور شکست خوردہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت میں خود نریندر مودی کے خلاف آوازیں بلند ہو رہی ہیں، کانگریس سمیت کئی سیاسی جماعتیں اور چھوٹی ریاستوں کے عوام مودی کی پالیسیوں پر شدید تنقید کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ مودی اپنے غیر ذمہ دارانہ بیانات کے ذریعے دراصل بھارت کے اندر اٹھنے والے سیاسی طوفان کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنے دفاع میں جنگ لڑی اور سرخرو ہوا۔ ہم نہ تو نیوکلیئر بلیک میلنگ پر یقین رکھتے ہیں نہ ہی کبھی اس کا سہارا لیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جوہری اثاثے صرف اور صرف ملکی دفاع کے لیے ہیں اور یہ ہمارے تحفظ کی ضمانت ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ نریندر مودی کی ناقص قیادت کے باعث بھارت بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام کھو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ’ہلال جرات‘ سے نوازا گیا
مودی کا جنگی جنون اور پاکستان مخالف بیانیہ بھارت کے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، لیکن اب بھارتی عوام خود اس کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔





