خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کی پیش گوئی، متاثرہ علاقوں میں ہائی الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کی پیش گوئی، متاثرہ علاقوں میں ہائی الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سیلاب سے متاثرہ خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کی ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں 18 اگست سے 22 اگست کے دوران معتدل سے تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور، صوابی، سوات، وزیرستان اور گردونواح میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

ادھر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی استور، اسکردو، ہنزہ، شگر، باغ، وادی نیلم، مظفرآباد سمیت مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، اور دیگر شہروں میں بھی 18 سے 20 اگست کے دوران شدید بارشیں متوقع ہیں۔

سندھ کے سکھر، لاڑکانہ، کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپور خاص، اور بلوچستان کے قلات، زیارت، خضدار، سبی، ڈیرہ بگٹی سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر اقدامات کو یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع حالیہ دنوں میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث شدید متاثر ہوئے ہیں، جہاں مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 200 سے تجاوز کر چکی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم مزید بارشوں کے پیش نظر خطرات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

Scroll to Top