وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف حصوں میں جاری سیلابی صورتحال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ عوام کی فوری اور ہر ممکن مدد کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر بحالی اور ریلیف کے کاموں میں مصروف ہے۔
’’قوم کو متحد ہو کر متاثرین کی مدد کرنا ہوگی‘‘
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی کہ وہ آزمائش کی اس گھڑی میں متحد ہو کر سیلاب متاثرین کی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی اتحاد اور ہمدردی کا ہے۔
خیبرپختونخوا کیلئے این ڈی ایم اے کو خصوصی ہدایت
وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایت دی ہے کہ وہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کرے۔
ملک بھر میں 911 ایمرجنسی ہیلپ لائن فعال
وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ملک بھر میں 911 ایمرجنسی ہیلپ لائن فعال کر دی ہے۔ اس سروس کا مقصد سیلاب کے دوران فوری رابطہ اور امداد کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں موبائل نیٹ ورک متاثر یا بند ہو چکے ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر متاثرہ فرد تک امداد پہنچانے کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔





