پاک فوج کا بارشوں، سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری

پاک فوج کا بارشوں، سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری

خیبرپختونخوا کے شدید بارشوں، سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور کا ریلیف آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ متاثرہ اضلاع بونیر، سوات اور باجوڑ میں پاک فوج کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہیں۔

آئی ایس پی آر اور مقامی حکام کے مطابق، پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد تک راشن، پینے کا صاف پانی اور ضروری امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے، جب کہ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

فوجی ذرائع کے مطابق مزید دستے متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دیے گئے ہیں تاکہ امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔ حکام نے کہا ہے کہ تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے اور ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے تک یہ ریلیف آپریشن جاری رہے گا۔

سیلاب کے باعث کئی علاقوں میں مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے، جس کی بحالی کے لیے بھی کور آف انجینئرز کی ٹیمیں سرگرم ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، اور مشکل کی اس گھڑی میں فوج ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی۔

Scroll to Top