خیبر پختونخوا میں 176 ریسکیو یونٹس قائم ، سیلاب زدہ اضلاع میں 1800 اہلکار تعینات

خیبر پختونخوا میں 176 ریسکیو یونٹس قائم ، سیلاب زدہ اضلاع میں 1800 اہلکار تعینات

خیبر پختونخوا حکومت نے حالیہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھا لیے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل(ہم نیوز)کے مطابق صوبے بھر میں ریسکیو 1122 کے 176 یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں، جبکہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 1800 سے زائد اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ڈی جی ریسکیو طیب عبداللہ کے مطابق دریاؤں کے کنارے 60 ایمرجنسی ریسکیو پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ اس وقت ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ 264 غوطہ خور بھی تعینات ہیں جو متاثرہ علاقوں میں بچاؤ کے آپریشنز میں مصروف ہیں۔

ڈی جی ریسکیو کا کہنا ہے کہ رواں برس سیلاب کے نتیجے میں 313 افراد جاں بحق ہوئے، تاہم ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 510 افراد کی قیمتی جانیں بچائیں۔ امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مزید 60 اہلکاروں کو ضلع بونیر روانہ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امداد کی فراہمی تیزی سے جاری ہے۔ 54 امدادی ٹرکوں پر مشتمل سامان ضلع بونیر بھجوایا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ بونیر کو اب تک 50 کروڑ روپے کی رقم فراہم کی جا چکی ہے۔

حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے ریسکیو اور بحالی کے اقدامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی۔ تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی کے ساتھ متاثرہ عوام کی مدد اور بحالی کے عمل میں مصروف ہیں۔

Scroll to Top