خیبرپختونخوا کے تعلیمی ادارے سیلاب کی لپیٹ میں، متاثرہ اسکولوں کی تفصیل جاری

پشاور: خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب نے تعلیمی نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں 61 سکول مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ 324 سکولوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

تباہ شدہ سکولوں میں 52 پرائمری، 7 مڈل اور 2 ہائی سکول شامل ہیں۔ جزوی متاثرہ سکولوں کی تعداد 324 ہے، جن میں 233 پرائمری، 35 مڈل، 42 ہائی اور 14 ہائر سیکنڈری سکول شامل ہیں۔

ضلع سوات سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 91 سکول مکمل طور پر تباہ اور 30 سکول جزوی طور پر متاثر ہوئے۔ شانگلہ میں 11 سکول مکمل تباہ اور 50 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

ہری پور میں 7 سکول مکمل تباہ اور 29 کو نقصان پہنچا جبکہ دیر لوئر میں 17 سکول مکمل طور پر تباہ ہوئے۔ ایبٹ آباد میں 3 سکول مکمل تباہ اور 67 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور پیر بالا میں ایک اور گھر اُجڑ گیا، نامعلوم افراد نے نوجوان کی جان لے لی

بونیر میں 4 سکول مکمل تباہ اور 14 کو نقصان پہنچا جبکہ بٹگرام میں 9 سکول مکمل تباہ اور 6 کو جزوی طور پر متاثر کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سیلاب کی وجہ سے تدریسی عملے کے 4 اور غیر تدریسی عملے کے 2 افراد جان بحق ہو گئے جبکہ 3 اساتذہ زخمی ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں طلبہ میں 2 اموات اور 2 زخمی ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

حکومت اور متعلقہ ادارے متاثرہ تعلیمی اداروں کی بحالی اور بچوں کی تعلیم کے سلسلے کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

Scroll to Top