افغان مہاجرین کی واپسی کی ڈیڈ لائن 31 اگست، رجسٹریشن ختم کرنے کے انتظامات مکمل

افغان مہاجرین کی واپسی کی ڈیڈ لائن 31 اگست، رجسٹریشن ختم کرنے کے انتظامات مکمل

حکومت پاکستان نے ملک میں مقیم رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے 31 اگست 2025 کی آخری تاریخ مقرر کر دی ہے۔ وزارت سیفران کی جانب سے پی او آر کارڈ ہولڈر افغان شہریوں کا مکمل ڈیٹا صوبائی اور ضلعی حکام کو فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ سرحدی ٹرمینلز پر رجسٹریشن ختم کرنے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، وطن واپس جانے والے افغان شہریوں کے لیے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے ایک جامع ایکشن پلان صوبوں کو مہیا کر دیا ہے جس کے تحت صوبائی حکومتوں اور حساس اداروں نے افغان شہریوں کی میپنگ مکمل کر لی ہے۔

مزید برآں، ضلعی و صوبائی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے کر انہیں مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ عمل کو مؤثر اور منظم بنایا جا سکے۔ افغان شہریوں کے لیے ٹرانزٹ ایریاز کا تعین اور ان کی نقل و حمل کا واضح پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 31 اگست کے بعد نادرا رجسٹرڈ افغان شہریوں کی رجسٹریشن ختم کر دے گا، جبکہ ایف آئی اے نامزد بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر واپسی کی سہولیات فراہم کرے گی۔ اس تمام عمل کی نگرانی فارن نیشنل سکیورٹی ڈیش بورڈ کے ذریعے کی جائے گی تاکہ پی او آر کارڈ ہولڈرز کی باعزت اور محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top