سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری ہیں۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور دیگر متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے دستے ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔ متاثرین کی بحالی، امداد، اور ریسکیو آپریشنز کے لیے ہیلی کاپٹرز، فیلڈ اسپتال، اور انجینئرنگ ٹیمیں مسلسل سرگرم عمل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے والی سڑک کو پاک فوج کی انجینئرنگ کور نے بحال کر دیا ہے، جبکہ بونیر میں راستوں کی کلیئرنس کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ بونیر کے دیہات چوراک اور آدم خیل میں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور راشن کی تقسیم کی جا رہی ہے۔ اب تک متعدد متاثرہ خاندانوں کو راشن کے تھیلے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ گلگت بلتستان کے دور افتادہ گاؤں ’’ٹیرو‘‘ (تحصیل پھنڈر) میں بھی پاک فوج کا فیلڈ اسپتال 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔ یہاں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 4 شدید زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ خواتین، بچوں اور دیگر مریضوں کو میڈیکل کیمپوں میں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
سیلاب متاثرین کا کہنا ہے کہ ’’ہم دل کی گہرائیوں سے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جو سب سے پہلے ہماری مدد کو پہنچی۔‘‘
پاک فوج کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ متاثرین کی مکمل بحالی اور محفوظ مقامات پر منتقلی تک ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رہے گا۔





