پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں بارشوں کا سلسلہ جاری، آج ملک بھر میں مزید بارش کا امکان

پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں بارشوں کا سلسلہ جاری، آج ملک بھر میں مزید بارش کا امکان

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور دیگر بڑے شہروں سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ موجود ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

پشاور میں جاری بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر سندھ کے مختلف شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جب کہ بلوچستان کے کچھ اضلاع میں تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور اس وقت بھی بادلوں کی لپیٹ میں ہے اور آئندہ چند گھنٹوں میں مزید بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔

Scroll to Top