خیبرپختونخوا حکومت نے حالیہ شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر صوبے کے ونٹر زون میں واقع کالجز اور جامعات کو 19 اگست سے 25 اگست تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے محکمۂ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ طلباء، اساتذہ اور اسٹاف کی جانوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ اس دوران جامعات اور کالجز کو تدریسی عمل کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے آن لائن کلاسز کے آپشن کو اختیار کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
وزیر ہائیر ایجوکیشن خیبرپختونخوا مینا خان آفریدی کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے اور طلباء کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔
’’ہم چاہتے ہیں کہ طلباء کو تعلیمی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو اور ان کو سہولیات کی کمی محسوس نہ ہو، اس لیے آن لائن تدریس کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔‘‘
دوسری جانب، ضلع مالاکنڈ میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج سے ایک ہفتے کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام ممکنہ مزید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی خطرات کے پیش نظر احتیاطی طور پر کیا گیا ہے
اسی طرح ضلع سوات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے تمام سرکاری و نجی اسکول بھی 25 اگست تک بند رہیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں اسکولوں کو دوبارہ کھولنے سے قبل صورتحال کا مکمل جائزہ لیا جائے گا۔
حکومت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر بچوں کو غیر ضروری طور پر تعلیمی اداروں کی طرف نہ بھیجیں اور آن لائن تدریسی سرگرمیوں میں مکمل تعاون کریں۔
زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز کوہ ہندوکش تھا۔





