خیبرپختونخوا میں پاک فوج کا فلڈ ریلیف آپریشن، متاثرہ علاقوں کی بحالی جاری

خیبرپختونخوا میں پاک فوج کا فلڈ ریلیف آپریشن، متاثرہ علاقوں کی بحالی جاری

خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع شانگلہ اور بونیر میں پاک فوج کی انجینئرز کور اور اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کی امدادی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ دشوار گزار علاقوں میں بھاری مشینری کے ذریعے راستے بحال کیے جا رہے ہیں اور متاثرہ آبادی کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔

پیر بابا بائی پاس کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا،پیر بابا بازار میں ملبہ ہٹانے کا عمل رات بھر جاری رہا تاکہ مقامی عوام کی آمد و رفت میں سہولت ہو۔

گوکند روڈ کو تین مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہٹا کر ٹریفک کے لیے بحال کیا گیا۔آلوچ پران کی سڑک کو بھی آرمی انجینئرز نے بھاری مشینری کی مدد سے کلیئر کر دیا۔

پاک فوج کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بیشونی اور قادر نگر کے علاقوں میں مسلسل کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اب تک بیشونی کے قریب نالے سے 5 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز مکمل بحالی تک جاری رہیں گے۔

پاک فوج نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جب تک عوام محفوظ مقامات پر منتقل نہیں ہو جاتے اور بنیادی انفراسٹرکچر بحال نہیں ہو جاتا، امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Scroll to Top