نومبر 2023 کے احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ انجرا، ضلع اٹک کے مقدمہ نمبر 212 میں ملوث چار ملزمان کو چار، چار ماہ قید کی سزا سنا دی۔ سزا پانے والوں میں جاوید اقبال، خان محمد، سردار خان اور عامر خان شامل ہیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو سماعت کے دوران چاروں ملزمان نے اقبالی بیان دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ پارٹی قیادت کے اکسانے پر احتجاج میں شریک ہوئے اور جلاؤ گھیراؤ کا حصہ بنے۔ عدالت نے ملزمان کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا۔
پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پولیس اہلکاروں اور ریاستی املاک پر حملہ کیا اور امن عامہ کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان نے ریاستی احکامات کی کھلی خلاف ورزی کی اور معاشرتی امن و امان کو شدید متاثر کیا۔
ملزمان نے عدالت میں بیان دیا کہ وہ غریب لوگ ہیں اور قیادت کے کہنے پر احتجاج میں شامل ہوئے۔ انہوں نے عدالت سے نرمی کی درخواست کی۔
جج امجد علی شاہ نے ملزمان کے اقبالی بیان اور کیس کے شواہد کی بنیاد پر چار ماہ قید کی سزا سنائی، جب کہ عرصۂ حوالات کو بھی سزا میں شامل کرنے کا حکم دیا۔





