امریکا : امریکہ کے معروف جج فرینک کیپریو 88 سال کی عمر میں کینسر کے موذی مرض کے باعث انتقال کر گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق جج کیپریو چند ماہ سے بیماری کا شکار تھے اور انہی بیماریوں کی وجہ سے ان کا انتقال ہوا۔
فرینک کیپریو اپنی عدالتی خدمات اور منفرد اندازِ انصاف کے لیے عالمی شہرت رکھتے تھے۔ وہ اپنی نرم گوئی، انسان دوست رویے اور رحم دل فیصلوں کی وجہ سے نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا بھر میں مقبول تھے۔
ان کی عدالت میں عام شہریوں کو سننے اور ان کے حالات کو سمجھنے کا انداز نمایاں تھا جس نے انہیں عوام کے دلوں میں خاص مقام دیا۔
سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں، جہاں وہ انصاف کے دائرے میں رہتے ہوئے ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کرتے نظر آتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : کیلیفورنیا سینیٹ نے پاکستان سے متعلق تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی
جج کیپریو کا مؤقف تھا کہ انصاف صرف قانون کی پاسداری نہیں بلکہ انسان کے حالات کو سمجھ کر فیصلے کرنا بھی ہے۔
ان کے انتقال پر امریکی عدلیہ، عوام اور دنیا بھر سے مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔





