کیلیفورنیا سینیٹ نے پاکستان سے متعلق تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی

امریکا : امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سینیٹ نے پاک امریکا تعلقات اور کیلیفورنیا کی معیشت، معاشرے اور ثقافت کی ترویج میں پاکستانی نژاد کمیونٹی کی نمایاں خدمات کو سراہتے ہوئے تاریخی قرارداد منظور کی ہے۔

قرارداد سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو کی جانب سے پیش کی گئی، جنہوں نے پاکستانی لباس زیب تن اور مہندی لگا کر ایوان میں شرکت کی۔

سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو کیلیفورنیا سینیٹ کی سب سے کم عمر خاتون رکن اور کمیٹی برائے زراعت کی چیئرمین ہیں۔

یہ قرارداد پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات، کیلیفورنیا کی معیشت میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے اہم کردار، اور نوجوان نسل کی اپنی ثقافت سے وابستگی کو اجاگر کرتی ہے۔

سینیٹر ہرٹاڈو نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پاک امریکا پارٹنرشپ مشترکہ اقدار، جمہوریت اور انسانی وقار پر مبنی ہے، اور پاکستانی کمیونٹی کی کہانی قربانی، وقار اور استقامت کی مثال ہے۔

قرارداد میں پاکستانی امریکی ثقافت، روایات اور کامیابیوں کو فروغ دینے والی شخصیات اور تنظیموں کی خدمات کو بھی سراہا گیا ہے۔

Scroll to Top