اسلام آباد:( پختون ڈیجیٹل) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ضمانت کا مطلب بریت نہیں ہوتا، عدالت میں مقدمہ ابھی جاری ہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کی جانب سے ضمانت پر خوشیاں منانے کو بے وقوفی قرار دیا اور کہا کہ قوم نے تحریک انصاف کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی تھے، جنہوں نے سازش کی تاکہ ملک دشمن عناصر اس صورتحال کا فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس 9 مئی کے واقعات کا کوئی دفاع نہیں ہے۔
وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی ضمانتوں پر خوشیاں مناکر خود کو بے وقوف بنا رہے ہیں، اور کہا کہ ضمانت تو قاتل اور ڈاکو کو بھی ملتی ہے۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کو آنے والا پیسہ جرمانے میں جمع کرانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے رہنما پانچ پانچ قیراط کی انگھوٹھیاں وصول کرتے رہے، اور کابینہ سے بند لفافے میں معاہدے کی منظوری لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں بانی پی ٹی آئی کوئی مؤثر دفاع پیش نہیں کر سکے۔
عطا تارڑ نے شبلی فراز اور عمر ایوب کی ضمانت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ضمانت اور بریت میں فرق ہوتا ہے، اور بانی پی ٹی آئی کو اس کا علم نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی قیادت کی محمود اچکزئی سے ملاقات، بانی کا فیصلہ پہنچا دیا گیا
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ضمانت پر خوشیاں منانا عقل مندی نہیں بلکہ ماتم کا باعث ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ توشہ خانہ کے دوسرے کیس میں بھی مقدمہ جاری ہے جہاں تحریک انصاف کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔





