چارسدہ:( پختون ڈیجیٹل) تنگی پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے علم دین مفتی ابراہیم کے قتل کا سراغ لگا کر ملزم احمد یار کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار ملزم نے اجرت پر قتل کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ قتل میں استعمال ہونے والا آلہ قتل، نقد رقم اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، 21 جولائی 2025 کو زخمی ذاکر نے ہسپتال میں رپورٹ درج کروائی کہ وہ اپنے بہنوئی ابراہیم کے ساتھ کام کے سلسلے میں تنگی گیا تھا جہاں واپسی پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ذاکر زخمی جبکہ اس کا بہنوئی موقع پر جاں بحق ہو گیا۔
واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان نے ڈی ایس پی تنگی گلشید خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تنگی بسم اللہ جان، سی آئی او منیر خان اور آئی او ناصر خان پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جو ملزم کی گرفتاری کے لیے مصروف عمل رہی۔
یہ بھی پڑھیں : پانی نے پھر سے تیزی سے بڑھنا شروع کر دیا، ہائی الرٹ جاری
پولیس نے جدید سائنسی تحقیقات اور دیگر ذرائع سے ملزم احمد یار کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والا پستول، کلاشنکوف، نقدی رقم تقریباً دو لاکھ روپے اور واقعہ میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل برآمد کر لیا۔
دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔





