حمد اللہ خان
ایبٹ آباد:(پختون ڈیجیٹل) محکمہ صحت کی تفتیشی ٹیم نے ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ سے متعلق تحقیقات مکمل کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایبٹ آباد میں ڈینگی کے کیسز نہایت محدود اور قابو میں ہیں، کسی وبا کا کوئی خطرہ نہیں۔
تفتیشی ٹیم کی قیادت اینٹومولوجسٹ ڈاکٹر افیا زیب خان نے کی، جب کہ ٹیم میں لیب ٹیکنیشن شکیل، ملیریا سپروائزرز جاوید، رفیع، اور سپرے مین اشتیاق و عشفاق شامل تھے۔
ٹیم نے 54 ٹیسٹ کیے جن میں سے صرف 2 کیسز این ایس 1 مثبت آئے، جو ماہرین کے مطابق کسی وبائی صورتِ حال کی نشاندہی نہیں کرتے۔
رپورٹ کے مطابق بعض نجی لیبارٹریز اور اے ٹی ایچ سے مثبت آنے والے ٹیسٹ دوبارہ چیک کرنے پر منفی نکلے۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ بیشتر بخار کے مریضوں میں ڈینگی کے بجائے ٹائیفائیڈ اور دیگر وائرل انفیکشن پائے گئے۔
انسداد ڈینگی اقدامات کے تحت مشتبہ گھروں اور مچھروں کی افزائش والے علاقوں میں فوگنگ اور اسپرے کیے گئے، جبکہ 300 مچھر دانیاں بچوں، بزرگوں اور حاملہ خواتین میں تقسیم کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں : بس اور ریسکیو ایمبولینس میں ٹکر، کئی جانیں چلی گئیں
اس کے علاوہ آگاہی سیشنز، پمفلٹس اور بینرز کے ذریعے عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔
تفتیشی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی ڈینگی سے متعلق آگاہی محدود ہے اور ان کی مزید تربیت ضروری ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، کیونکہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور محکمہ صحت مؤثر انداز میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔





