بلوچستان : بلوچستان کے ضلع حب میں موسمی بارشوں کے بعد حب ڈیم پانی سے بھر گیا ہے اور اسپیل وے کھولنے کے لیے صرف 6 فٹ پانی کی گنجائش باقی رہ گئی ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق حب ڈیم کی کل گنجائش 340 فٹ ہے، تاہم حالیہ بارشوں کے باعث پانی کی سطح 334 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ضلع کیچ کے میرانی ڈیم میں پانی کی کل گنجائش 246 فٹ ہے، جبکہ اس وقت وہاں پانی کی سطح 226 فٹ ہے۔
ضلع ژوب کے سبکزئی ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 94 فٹ ہے، اور اس میں موجودہ پانی کی سطح 30 فٹ ہے۔
دوسری جانب گوادر میں بارش نہ ہونے کی وجہ سے وہاں کے تینوں ڈیمز میں پانی کی سطح خطرناک حدوں کے قریب پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا نیا الرٹ جاری
گوادر کے شادی کور ڈیم میں پانی کی گنجائش 82 فٹ ہے، تاہم وہاں صرف 2 فٹ پانی دستیاب ہے۔ اسی طرح سوار ڈیم میں ڈیڑھ فٹ اور آکڑا کور ڈیم میں بھی صرف 2 فٹ پانی موجود ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی اس صورتحال سے متعلق فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ پانی کی قلت سے بچا جا سکے اور ڈیمز کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔





