پشاور : جماعت اسلامی کے رہنما کاشف اعظم نے خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت غیر سنجیدہ ہے اور ووٹ صرف عمران خان کے نام پر آتے ہیں، کارکردگی کی بنیاد پر نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ صوبہ ترقی کی راہ پر نہیں چل رہا بلکہ پیچھے جا رہا ہے۔
کاشف اعظم نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے فوری بعد الخدمت فاؤنڈیشن نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
اس وقت تین ہزار سے زائد رضاکار سوات، بونیر، شانگلہ، ٹانک اور صوابی کے متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکے ہیں جہاں خیمے نصب کر کے متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
خاص طور پر بونیر میں الخدمت کا طبی کیمپ فعال ہے جہاں متاثرین کا علاج معالجہ جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا صوبہ کسی بھی سیاسی جماعت کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ اضلاع وباؤں کی لپیٹ میں،ہیضہ، ملیریا اور زکام بے قابو
وفاقی حکومت یہاں سیاسی حمایت نہ ہونے کی وجہ سے توجہ نہیں دیتی، جبکہ تحریک انصاف بھی اس لیے ترجیحی مقام نہیں رکھتی کیونکہ انہیں یقین ہے کہ چاہے وہ کچھ بھی کریں، عوام انہیں ووٹ دینا نہیں چھوڑیں گے۔
کاشف اعظم نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو عوام کی خدمت اور ترقی پر توجہ دینی ہوگی تاکہ خیبرپختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔





