معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع

لاہور: معروف یوٹیوبر سعدالرحمان المعروف ڈکی بھائی کے خلاف سائبر کرائم کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔

لاہور کی مقامی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی درخواست پر سماعت کی۔

ایجنسی کی جانب سے عدالت سے 24 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی، تاہم عدالت نے صرف 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دیتے ہوئے ملزم کو 28 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ تفتیش کا عمل تاحال مکمل نہیں ہوا اور مزید وقت درکار ہے تاکہ تحقیقات آگے بڑھائی جا سکیں۔

دوسری جانب ڈکی بھائی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سعدالرحمٰن کا موبائل فون اور لیپ ٹاپ پہلے ہی ایجنسی کی تحویل میں دیے جا چکے ہیں، اور ان کا فرانزک تجزیہ کرانا ممکن ہے، اس لیے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت باقی نہیں رہی۔

یاد رہے کہ سعدالرحمٰن کو 17 اگست کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا ۔

Scroll to Top