وزیراعظم شہباز شریف سے گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے تین بہادر افراد وصیت خان، انصار اور محمد خان نے ملاقات کی، جنہوں نے بروقت اقدام کر کے ممکنہ قدرتی آفت سے تین سو سے زائد قیمتی انسانی جانیں بچائیں۔
تینوں نوجوان غذر میں بکریاں چرانے کے دوران بلندی پر موجود گلیشیئر کی صورتحال بھانپ گئے۔ خطرناک حد تک پانی جمع ہوتا دیکھ کر انہوں نے فوری طور پر اپنے گاؤں کال کر کے ممکنہ گلوف (گلیشیئر لیک آؤٹ فلیش) کی اطلاع دی، جس کے نتیجے میں تین دیہاتوں کے مکینوں کا بروقت انخلا ممکن ہوا۔
وزیراعظم نے اس جذبہ خدمت اور غیرمعمولی جرات کا اعتراف کرتے ہوئے تینوں افراد کو “24 کروڑ عوام کا ہیرو” قرار دیا اور فی کس 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں، وزیراعظم نے انہیں شاباشی کے سرٹیفیکیٹس بھی دیے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی اعلان کیا کہ آئندہ چند روز میں وہ گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے اور جس گاؤں کو خطرے سے محفوظ بنایا گیا، اسے ماڈل ویلیج میں تبدیل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اسمبلی کا بڑا اقدام! اساتذہ، ڈاکٹروں اور لیکچررز کی تقرری و تبادلوں کا نیا قانون منظور
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ نوجوان نہ صرف مقامی کمیونٹی بلکہ پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں، اور ان کا بروقت فیصلہ سینکڑوں خاندانوں کے لیے زندگی کا پیغام بن گیا۔ ان کے جذبے کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔





