تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم اشتہاری قرار

تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم اشتہاری قرار

انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کو اشتہاری قرار دیدیا۔ عدالت نے ملزم کی عدم حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ضمانتی مچلکے بھی ضبط کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے شیخ وقاص اکرم کو متعدد بار طلب کیا، تاہم وہ مسلسل غیر حاضر رہے۔ اس سے قبل عدالت کی جانب سے ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جا چکے تھے، مگر وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ عدم پیشی پر عدالت نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں باقاعدہ اشتہاری قرار دیدیا۔

شیخ وقاص اکرم کیخلاف تھانہ کوتوالی جھنگ میں اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں مقدمہ درج ہے، جس میں دہشتگردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے سمیت دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔

قانونی ماہرین کے مطابق اشتہاری قرار دیے جانے کے بعد شیخ وقاص اکرم کی گرفتاری اب کسی بھی وقت ممکن ہے، جبکہ ضمانتی کو بھی قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس کی مزید کارروائی کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔

Scroll to Top