عمان نے تاریخ میں پہلی بار ایشیا کپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا

عمان نے اپنی تاریخ میں پہلی بار ایشیا کپ میں شرکت کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

ٹیم کی قیادت تجربہ کار اوپنر جاتندر سنگھ کریں گے، جو عمان کرکٹ ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔

عمان کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے جہاں اسے پاکستان، بھارت اور میزبان متحدہ عرب امارات جیسی بڑی ٹیموں کا سامنا کرنا ہوگا۔

آئی سی سی کے مطابق عمان کی ٹیم میں چار نئے کھلاڑی بھی شامل کیے گئے ہیں جن میں سفیان یوسف، ذکریا اسلام، فیصل شاہ اور ندیم خان شامل ہیں۔ یہ کھلاڑی پہلی بار کسی بڑے بین الاقوامی ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

ہیڈ کوچ دلیپ مینڈس نے ٹیم کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ ہم ایشیا کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ یہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو منوا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کے لیے اعزاز سے کم نہیں۔ ان ٹیموں کے خلاف صرف مہارت نہیں بلکہ ذہنی طور پر بھی مضبوط ہونا ضروری ہے۔

مینڈس کے مطابق اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج ہے، جو ٹیم کو میدان میں بہتر کارکردگی دکھانے میں مدد دے گا۔ ایشیا کپ، عمان کرکٹ کے لیے اپنی عالمی شناخت بنانے کا ایک اہم موقع ہوگا۔

اعلان کردہ 17 رکنی اسکواڈ:

جاتندر سنگھ (کپتان)، حماد مرزا، وینائک شکلا، سفیان یوسف، اشیش اودیدیرہ، عامر کلیم، محمد ندیم، سفیان محمود، آریان بشت، کرن سوناوالے، زکریا اسلام، حسنین علی شاہ، فیصل شاہ، محمد عمران، ندیم خان، شکیل احمد، سامے شریواستوا۔

Scroll to Top