یمن کی قیادت کو بڑا نقصان، وزیراعظم احمد غالب کی جان لے لی گئی

صنعا (رپورٹ: غیر ملکی خبر ایجنسیاں) یمن میں حوثیوں کی حامی جماعت انصاراللہ سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم احمد غالب اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔

روسی میڈیا کے مطابق یہ حملہ دارالحکومت صنعا کے جنوبی علاقے حدا میں واقع ان کے گھر پر کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق حملے میں احمد غالب کے ہمراہ ان کے تین قریبی ساتھی بھی مارے گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حوثیوں کے اہم اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جن میں انصاراللہ کے متعدد سینئر رہنما شامل تھے۔

احمد غالب کو انصاراللہ نے 10 اگست 2024 کو وزیراعظم مقرر کیا تھا۔ وہ حوثی سپریم سیاسی کونسل کے اہم رکن بھی تھے۔ ان کی ہلاکت کو حوثی قیادت کے لیے بڑا دھچکہ قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب یمنی وزارت دفاع نے اسرائیلی حملے میں قیادت کو نشانہ بنائے جانے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ وزارت دفاع نے بیان میں کہا ہے کہ ہم اپنی قیادت کے تحفظ کے لیے پوری طرح مستعد ہیں، اور غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم، نسل کشی اور فلسطینیوں کو فاقہ کشی سے مارنے کی کوششوں کے خلاف جوابی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے حالیہ دنوں میں یمن پر متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔ چار روز قبل کیے گئے ایک حملے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 90 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

اسرائیل نے ان حملوں کو انصاراللہ کی جانب سے بحیرہ احمر میں اپنی مفادات پر حملوں کا جواب قرار دیا ہے۔

یمن میں کشیدہ صورت حال اور اسرائیلی فضائی کارروائیاں خطے میں تنازع کو مزید ہوا دے رہی ہیں، جس کے سنگین عالمی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔

Scroll to Top