پنجاب میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے پاک فوج سے امدادی سرگرمیوں کے لیے مدد طلب کر لی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لودھراں میں امدادی کارروائیوں کے لیے فوج کو طلب کر لیا گیا ہے۔
لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، اوکاڑہ، سرگودھا اور حافظ آباد میں بھی پاک فوج کے دستے ضلعی انتظامیہ کی معاونت کے لیے تعینات کیے جا چکے ہیں، فوجی اہلکاروں کو انسانی جانوں کے تحفظ اور ریسکیو آپریشن میں معاونت کے لیے بلایا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز بھرپور طریقے سے جاری ہیں، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکار اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 9 ہزار سے زائد سول ڈیفنس کے رضاکار امدادی کاموں میں مصروف ہیں، مختلف مقامات پر سول ڈیفنس پنجاب کی جانب سے ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، عوام کو محفوظ مقام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔
سول ڈیفنس متاثرہ شہریوں اور ان کے مویشیوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے میں سرگرم عمل ہے، ترجمان سول ڈیفنس کے مطابق مشکل کی اس گھڑی میں محکمے کے رضاکار عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ اور خیبر پختونخوا کی پنجاب حکومت کو سیلابی صورت حال میں مدد کی پیشکش
حکومت پنجاب کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ریسکیو و ریلیف آپریشن میں انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔





