ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے ممکنہ طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

شام یا رات کے اوقات میں شمال مشرقی بلوچستان، جنوب مشرقی سندھ اور گلگت بلتستان کے چند علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ خاص طور پر ژوب، موسی خیل، بارکھان، خضدار اور لسبیلہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تاہم بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث خیبرپختونخوا کے دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ اور صوابی سمیت پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع، مری، گلیات، راولپنڈی، اسلام آباد اور کشمیر میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ناروال، پشاور، نوشہرہ اور مردان کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں، آندھی اور گرج چمک کے باعث روزمرہ معمولات میں خلل پڑ سکتا ہے۔ کمزور انفراسٹرکچر جیسے کچے مکانات، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا بھی امکان ہے۔

محکمہ نے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top