اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ اگر کوئی صارف ایک ماہ کے دوران ایک ہی موبائل فون میں پانچ سے زائد سمز استعمال کرے گا تو اس کا آئی ایم ای آئی نمبر بلاک کر دیا جائے گا۔
پی ٹی اے کی ڈائریکٹر کمیونی کیشنز زیب النساء نے اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کی جانب سے ایسی کوئی ایڈوائزری یا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس پیغام کو سراسر گمراہ کن قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے کا فوکس صرف آئی ایم ای آئی ڈپلیکیشن اور کلوننگ جیسے غیر قانونی اقدامات کی روک تھام پر ہے۔
اس ضمن میں ادارہ مشکوک ڈیوائسز کو بلاک کرنے، ایف آئی اے کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں کرنے اور عوامی آگاہی مہمات چلانے جیسے اقدامات کرتا ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پی ٹی اے نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے خبردار کیا ہے کہ ایک ہی موبائل فون میں پانچ سے زائد سمز استعمال کرنے پر اس ڈیوائس کا آئی ایم ای آئی نمبر بلاک کر دیا جائے گا۔

تاہم پی ٹی اے نے اس پوسٹ کو جعلی قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی بے بنیاد خبروں پر یقین نہ کریں۔
پی ٹی اے نے مزید کہا کہ اگر کسی کو اس طرح کی مشکوک معلومات یا جعلی نوٹیفکیشن موصول ہو تو وہ ادارے کی آفیشل ویب سائٹ یا ہیلپ لائن کے ذریعے تصدیق کر سکتا ہے۔





