اسلام آباد: راول ڈیم کے اسپل ویز آج صبح کھولے جائیں گے، انتظامیہ الرٹ

اسلام آباد: راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے حد کے قریب پہنچنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے تحت اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکام کے مطابق راول ڈیم کے اسپل ویز آج(منگل) کی صبح 7 بجے کھول دیے جائیں گے تاکہ پانی کے دباؤ کو کم کیا جا سکے اور ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔

فلڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ڈیم کی مقررہ حد 1752 فٹ ہے جبکہ موجودہ سطح 1751.70 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جو خطرناک حد کے بالکل قریب ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر ضروری اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ اسپل ویز کھولنے کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا، جبکہ صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے۔ اس دوران قریبی علاقوں میں نچلے درجے کی طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے راول ڈیم کے آس پاس کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : پولیس شہداء کی قربانیوں کو نسل در نسل یاد رکھا جائے گا، آر پی او جواد قمر

دوسری جانب فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے ملک بھر میں دریاؤں، ڈیمز اور بیراجز کی تازہ ترین صورتحال جاری کر دی ہے، جس کے مطابق کئی مقامات پر پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1550.12 فٹ،راول ڈیم میں 1750.90 فٹ، منگلا ڈیم میں 1226.10 فٹ، سملی ڈیم میں 2314.50 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کی جا چکی ہے۔

Scroll to Top