پشاور میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، بی آر ٹی بس سروس معطل،مسافروں کو مشکلات

پشاور میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، بی آر ٹی بس سروس معطل،مسافروں کو مشکلات

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو گئے۔ بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور کئی سڑکیں جھیل کا منظر پیش کرنے لگیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو گھنٹوں طویل جام کا سامنا کرنا پڑا۔

شدید بارش کے بعد فیڈر روڈز پر پانی کھڑا ہونے اور حفاظتی خدشات کے پیش نظر بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروس کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے سے دفاتر، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں جانے والے افراد کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ترجمان ٹرانس پشاور نے جاری بیان میں کہا ہے کہ’’شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر بی آر ٹی سروس اگلی اطلاع تک مکمل طور پر بند رہے گی۔ جیسے ہی موسم بہتر ہوگا اور سڑکیں محفوظ قرار دی جائیں گی، سروس بحال کر دی جائے گی۔‘‘

شہر کے مختلف علاقوں میں گھروں، دکانوں اور پلازوں کے اندر پانی داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ نکاسی آب کا نظام بارش کی شدت کے سامنے ناکام دکھائی دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے، جس کے باعث مزید علاقوں کے زیر آب آنے اور شہری زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہیں، تاہم مسلسل بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں رکاوٹیں درپیش ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

Scroll to Top