پشاور میں مہنگائی کا طوفان! 80 کلو آٹے کی بوری 10 ہزار روپے تک پہنچ گئی،سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے باہر

پشاور میں مہنگائی کا طوفان! 80 کلو آٹے کی بوری 10 ہزار روپے تک پہنچ گئی،سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے باہر

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ آٹے اور سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث متوسط اور غریب طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز )کے مطابق پنجاب سے آٹے کی سپلائی بند ہونے کے باعث پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ مقامی دکانداروں کے مطابق آٹے کی قلت کے سبب 80 کلو آٹے کی بوری 10 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے، جو عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔

صرف آٹا ہی نہیں، سبزیوں کی قیمتوں میں بھی واضح اضافہ ہوا ہے۔ ٹرانسپورٹ اور سپلائی میں رکاوٹ کے باعث مارکیٹ میں دستیاب سبزیاں محدود ہو گئی ہیں۔

شہریوں کے مطابق’’سبزی فروش اپنی مرضی کے ریٹ مانگ رہے ہیں، ٹماٹر 250 روپے، پیاز 180 اور آلو 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔‘‘

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر آٹے اور سبزیوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرے، اور بین الصوبائی سپلائی چین کو بحال کیا جائے تاکہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی ممکن ہو سکے۔

Scroll to Top