خیبرپختونخوا گندم اسکینڈل!اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کی ضمانت سپریم کورٹ سے مسترد

سپریم کورٹ آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں گندم کی 30 ہزار بوریاں چوری ہونے کے اسکینڈل میں ملوث ملزم اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر خالد خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز )کے مطابق کیس کی سماعت جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔ دورانِ سماعت ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم پر کے پی حکومت کے خزانے کو 19 کروڑ 77 لاکھ 52 ہزار روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کیس کا چالان جمع ہو چکا ہے اور یہ مقدمہ اینٹی کرپشن عدالت نوشہرہ میں زیرسماعت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کیس میں شریک دیگر ملزمان کی ضمانتیں بھی پہلے ہی مسترد ہو چکی ہیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد خالد خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اتنے بڑے مالی نقصان کے مقدمے میں ضمانت کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

یاد رہے کہ یہ مقدمہ خیبرپختونخوا میں گندم کی بڑے پیمانے پر چوری سے متعلق ہے، جس نے صوبائی سطح پر انتظامی شفافیت اور احتساب کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

Scroll to Top