سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے افغانستان میں حالیہ زلزلے سے ہونے والی ہولناک تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘
شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ افغانستان میں آنے والے زلزلے کی خبریں دل کو رُلا دینے والی ہیں۔’’ہم ان تمام خاندانوں کے غم میں شریک ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ متاثرہ افراد کو صبر جمیل عطا فرمائے اور بحالی کے عمل میں آسانیاں پیدا کرے۔‘‘
افغانستان میں زلزلے کی صورتحال:
شدت: 6.0 ریکٹر اسکیل
اموات: 1,124 سے زائد
زخمی: 3,251
مکانات تباہ: 8,000
شدید متاثرہ علاقے: کنڑ صوبے کے نورگل، سواکئی، واٹا پور، منوگی، چپہ درہ
افغان میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز جلال آباد شہر میں 8 کلومیٹر گہرائی میں تھا، جس کے بعد پانچ آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے جن کی شدت 4.3 سے 5.2 کے درمیان تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی زلزلے سے متاثرہ افغان عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت ہر قدم پر افغان بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
امدادی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں جبکہ خدشہ ہے کہ کئی افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔





