ملک بھر میں یومِ دفاع وشہدا آج بھرپور جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں یومِ دفاع وشہدا آج بھرپور جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے

وطن عزیز کے دفاع اور بقاء کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج ملک بھر میں یومِ دفاع و شہداء نہایت عقیدت و احترام کیساتھ منایا جا رہا ہے۔

یومِ دفاع کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوا، جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ دن کے آغاز پر مساجد میں ملک کی سلامتی، ترقی، اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

کراچی میں مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی ائر وائس مارشل شہریار خان تھے۔ اس موقع پر پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ’’6 ستمبر ہماری قومی تاریخ میں بہادری، اتحاد اور عزم کا دن ہے۔ 1965ء کا وہ ناقابلِ تسخیر جذبہ آج بھی زندہ ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ حالیہ معرکہ حق میں بھی مسلح افواج اور عوام آہنی دیوار بن کر دشمن کے سامنے ڈٹ گئے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے تزویراتی ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس حکمت عملی نے دشمن کے تکبر کو خاک میں ملا کر نئی تاریخ رقم کی۔ وزیراعظم نے بہادر شہداء کو خراج عقیدت اور کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا، ساتھ ہی اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے عالمی برادری سے عملی کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

ادھر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نیول چیف اور ائیر چیف نے بھی 1965 کی جنگ کے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ’’6 ستمبر کے اس تاریخی دن ہمارے بہادر سپاہیوں نے قوم کی حمایت کے ساتھ کھلی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، جو تعداد اور اسلحے میں ہم سے کئی گنا زیادہ تھا۔‘‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہمارے نڈر ہیروز کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے حوصلہ اور رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ آج پوری قوم اپنے شہداء، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ بیرونی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف جرات و بہادری سے مقابلہ کیا۔

Scroll to Top