بانی پی ٹی آئی کسی ڈیل کا حصہ نہیں بنیں گے، سر اُٹھا کر واپس آئیں گے،سلمان اکرم راجہ

بانی پی ٹی آئی کسی ڈیل کا حصہ نہیں بنیں گے، سر اُٹھا کر واپس آئیں گے،سلمان اکرم راجہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے اور وہ ’’سر اٹھا کر‘‘ سیاسی میدان میں واپس آئیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔پریس کانفرنس میں شوکت بسرا، شایان بشیر اور عمر ڈار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی، جس کا ثبوت کامن ویلتھ کی رپورٹ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 90 سے 95 حلقوں میں فارم 45 اور 46 میں واضح فرق پایا گیا، جو کہ الیکشن پر ’’براہِ راست حملہ‘‘ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی عمل میں ہیرا پھیری موجودہ حکومت کے حق میں کی گئی، اور یہ صورتحال پاکستان کے آئینی اور جمہوری ڈھانچے کے لیے تشویش ناک ہے۔ ’’ساری دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان کے آئین پر حملہ ہوا ہے، جو باعث شرم ہے۔‘‘

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ پارلیمان کو مفلوج کر دیا گیا ہے، جبکہ عدالتی نظام کو سیاسی مخالفین کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’غیر آئینی ترامیم کو واپس کرایا جائے گا‘‘ اور پارٹی ہر سطح پر آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اسمبلی میں رہنے یا نہ رہنے کے فیصلے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ پارٹی کے بانی عمران خان ہی کریں گے۔ ’’ہم واضح کرتے ہیں کہ عمران خان کسی بھی قسم کی ڈیل کا حصہ نہیں بنیں گے، وہ سر بلند کر کے واپس آئیں گے، اور عوام کے حق کی جنگ جاری رکھیں گے۔‘‘

Scroll to Top