خیبرپختونخوا حکومت نے اسلام آباد کے قریب ضلع ہری پور کے علاقے مکھنیال میں نیا کے پی ہاؤس بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ نیا ہاؤس اسلام آباد کے موجودہ کے پی ہاؤس سے تقریباً 20 منٹ کی دوری پر واقع ہوگا۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق اس منصوبے کو آئندہ مالی سال 2025-26 کے ترقیاتی پروگرام (ADP) میں شامل کیا گیا ہے، اور اس کی کل لاگت 500 ملین روپے مقرر کی گئی ہے، جس میں سے 250 ملین روپے رواں سال کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ ان فنڈز سے زمین کی خریداری اور ابتدائی تعمیراتی کام شروع کیے جائیں گے۔
دستاویزات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ہری پور کو زمین کی نشاندہی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ چیف انجینئر ایسٹ، سیکرٹری کمشنر ہزارہ ڈویژن اور دیگر متعلقہ محکموں کو نوٹیفکیشن جاری کر کے منصوبے کی کاغذی کارروائی اور دیگر مراحل مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس منصوبے کا پہلا نوٹیفکیشن 3 ستمبر 2025 کو جاری کیا گیا تھا۔
نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز)کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد سرکاری افسران، صوبائی وزراء اور خیبرپختونخوا سے آنے والے مہمانوں کو اسلام آباد کے قریب ایک آرام دہ اور پرسکون مقام پر قیام اور اجلاس کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت یہ منصوبہ کاغذی مراحل میں ہے اور زمین کی نشاندہی کے بعد اس کا ڈیزائن تیار کیا جائے گا۔ بعد ازاں کسی کمپنی کو ٹھیکہ دے کر عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق نیا کے پی ہاؤس خیبرپختونخوا حکومت کے لیے اسلام آباد کے قریب ایک اہم سہولت ہوگی، جو نہ صرف سرکاری سرگرمیوں کے لیے موزوں ہوگی بلکہ صوبے کی شناخت اور نمائندگی کو بھی بہتر انداز میں اجاگر کرے گی۔





