بنوں : خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں واقع ہوید پولیس اسٹیشن پر شدت پسندوں نے منظم حملہ کر دیا ہے، جس کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی شروع کر دی ہے۔ علاقے میں گولیوں کی تڑتراہٹ گونج رہی ہے اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بڑی تعداد میں شدت پسندوں نے اس پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا، جو علاقہ کا واحد پولیس اسٹیشن ہے اور بار بار دہشت گردوں کے نشانے پر آتا رہا ہے۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے پہلے ہی الرٹ تھے اور انہوں نے فوری طور پر کارروائی شروع کر دی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد شدت پسند زخمی اور ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا ہے۔
سیکیورٹی فورسز بھی اس آپریشن میں پولیس کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں تاکہ حملہ آوروں کو پسپا کیا جا سکے اور علاقے میں امن قائم کیا جا سکے۔
پولیس اور سیکیورٹی ادارے علاقے میں اضافی نفری تعینات کر کے صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مزید معلومات کے لیے پولیس حکام سے رابطہ جاری ہے۔





