ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کچھ علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے، جبکہ دیگر بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی، گرج چمک اور بارش کی توقع ہے۔ ان میں سے شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور قریبی پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، لاہور، سرگودھا، خوشاب، سیالکوٹ، نارووال، قصور، حافظ آباد، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور گوجرانوالہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں پشاور، سوات، کوہاٹ، مردان، دیر، چترال، بنوں، باجوڑ، ایبٹ آباد، صوابی اور مانسہرہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، البتہ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ کراچی میں بھی ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران ممکنہ طور پر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

Scroll to Top