اسلام آباد: وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا ایٹمی طاقت بن جانا امت مسلمہ کے لیے فخر کا مقام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پوری امتِ مسلمہ خوش ہے اور میں پوری امت کو مبارکباد دیتا ہوں۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علی بخاری کی مجبوری ہے کہ وہ آپ کو مبارکباد نہیں دے سکتے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ آج کا دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔
اختیار ولی خان نے انکشاف کیا کہ سعودی عرب کے بعد چار مزید ممالک ایٹمی کلب میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے ان ممالک کے نام تو نہیں بتائے، تاہم کہا کہ ان میں تین مسلم ممالک اور ایک غیر مسلم ملک شامل ہے۔
پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ کیا گیا، وہ تو پوری دنیا نے دیکھا، لیکن اس کے بعد 10 مئی کو آپ نے ایک اور بڑی غلطی کی، جب ایران پر حملے کے وقت پاکستان کے مؤقف پر تکلیف کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی کہ آج پاکستان کو دنیا بھر میں عزت کیوں مل رہی ہے، اور وزیراعظم شہباز شریف مسلم اُمہ کے حقیقی لیڈر کیوں بن چکے ہیں۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ فخر کی بات ہے کہ میرے ملک پاکستان کو اللہ نے حرمین شریفین اور روضہ رسول ﷺ کا خادم بنا دیا ہے، اور فیلڈ مارشل پاکستان آج اُمہ کی آنکھ کا تارا بن چکے ہیں۔
تحائف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ گھڑیاں جو آپ کو تحفے میں دی جاتی ہیں، یہ بازاروں میں بیچنے کے لیے نہیں ہوتیں۔ ان کی کوئی قیمت نہیں ہوتی بلکہ ان کو سنبھال کر رکھنا پڑتا ہے۔دبئی یا ایف-6 کے بازاروں میں فروخت کے لیے نہیں ہوتیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سعودی عرب کا نیٹو طرز کا دفاعی معاہدہ، عرب دنیا کے لیے دروازے کھل گئے،خواجہ آصف
انہوں نے دعوی کیاکہ پی ٹی آئی کے کچھ اکاؤنٹس آج بھی دفاعی معاہدے پر ناخوش ہیں، آپ ٹوئٹر دیکھ لیں، ان کی طرف سے اب بھی یہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ پاکستان کو کیوں عزت دی جا رہی ہے، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کو کیوں عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے؟
اختیار ولی خان نے مزید کہا کہ آپ لوگوں نے مدینہ منورہ جیسے مقدس مقام پر سیاسی نعرے لگائے، جو انتہائی افسوسناک عمل تھا۔ عبادت کی جگہ کو سیاست سے آلودہ نہ کریں۔
آج پوری قوم کو فخر ہے کہ شہباز شریف اور فیلڈ مارشل پاکستان کو حرمین شریفین اور روضہ رسول ﷺ کی خدمت کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔





