بھارت ریاستی سرپرستی میں پاکستان میں دہشتگردی کروا رہا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیٖفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے حاضر سروس افسران پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں براہِ راست ملوث پائے گئے ہیں اور اس حوالے سے مستند شواہد موجود ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر لیٖفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے جرمن جریدے کو دیے گئے تفصیلی انٹرویو میں پاکستان، بھارت، افغانستان اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر اہم نکات اجاگر کیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت ریاستی سرپرستی میں پاکستان کے خلاف دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے اور پاکستان ان شواہد کو متعدد مرتبہ عالمی برادری کے سامنے پیش کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل کو بیرونی جبکہ بیرونی مسائل کو اندرونی مسئلہ بنا کر پیش کرتا ہے، بھارتی ریاستی ادارے، بشمول آرمی، شدت پسند سیاسی نظریات کے زیر اثر ہیں اور بھارت میں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات اسی انتہا پسندانہ سوچ کا نتیجہ ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے افغان مہاجرین کے حوالے سے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 40 سالوں میں لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی ہے، اب ان کی باعزت واپسی کیلئے منظم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انسانی بنیادوں پر انخلاء کی ڈیڈ لائن میں کئی بار توسیع کی مگر مستند شواہد موجود ہیں کہ بعض غیر قانونی افغان باشندے دہشتگردی اور سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کو پناہ دینے کی جو بنیادی وجوہات تھیں جیسے کہ غیر ملکی مداخلت اور خانہ جنگی وہ اب باقی نہیں رہیں۔

لیٖفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ریاست کا کردار ادا کیا ہے اور بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی بھی جیش یا مسلح جتھے کی کوئی گنجائش نہیں اور ریاست کے علاوہ کسی گروہ یا فرد کو جہاد کا اعلان کرنے کا اختیار نہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان تمام غیر ریاستی عناصر  کو بلا تفریق مسترد کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پُرعزم ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں چھوڑا گیا اسلحہ دہشتگردوں کے ہاتھ لگا اور خود امریکا بھی اس پر تشویش کا اظہار کر چکا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکا نے کالعدم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشتگرد تنظیم قرار دیا ہے جبکہ بلوچستان میں مارے گئے کئی دہشتگرد نام نہاد مسنگ پرسنز کی فہرست میں بھی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کا اتحاد عالمی سطح پر نئی ورلڈ سپرپاور بنے گا، رانا ثنااللہ

پاک بھارت کشیدگی کے دوران امریکی صدر کا قائدانہ کردار ایک اسٹریٹجک لیڈر کے طور پر سامنے آیا جبکہ پاکستان چین کے ساتھ بھی تعمیری اور اسٹریٹجک تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے عالمی برادری کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

Scroll to Top