پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ معاہدے کو ملکی مفادات کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔
پختون ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اور پاکستان کے سیاسی قیادت کے تعلقات خوش آئند طور پر مضبوط ہو چکے ہیں اور ہمیں انہیں مزید وسعت دینی چاہیے اور دیگر مسلم ممالک کو بھی اس اتحاد میں شامل کرنا چاہیے، انہوں نے پاک سعودی معاہدے کو اہم قرار دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ پاکستان کو ہر میدان میں کامیاب کرے۔
انہوں نے مسلم دنیا پر ہونے والے ظلم و ستم کی جانب توجہ دلائی اور کہا کہ اس کے خلاف کوئی مؤثر آواز نہیں اٹھائی جاتی، حتیٰ کہ مغرب سے بھی کوئی مددگار آواز نہیں آتی، ان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا کا اتحاد ہی ان مسائل کا حل ہے اور اگر مسلم ممالک متحد ہوں گے تو وہ عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں گے۔
فیصل جاوید نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ مسلم دنیا کے اتحاد کے سب سے بڑے حامی رہے ہیں اور اس موضوع پر ان کا موقف واضح اور مستحکم ہے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آٗی کی دورِ حکومت میں پاکستان نے دو بار او آئی سی اجلاس کی میزبانی دی، یہ اجلاس کئی دہائیوں کے بعد مسلم دنیا کے اتحاد کی اہم کوششیں تھیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے سیاسی مقدمات پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ کیسز خاص طور پر القادر کیس بے بنیاد ہیں اور ان کیسز کو جلد از جلد ختم کر دینا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ان مقدمات میں کوئی ثبوت نہیں اور انہیں تیزی سے نمٹایا جانا چاہیے۔
فیصل جاوید نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں ووٹ لے کر منتخب ہونے والے نمائندے کو بے بنیاد طور پر نا اہل کرنا ناانصافی ہے، انہوں نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی فیملی کو نشانہ بنائے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے سیاسی انتقام کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔





