اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی ثمرہارون بلور نے کہا ہے کہ مسلم ممالک نے اب عہد کیا ہے کہ وہ اپنے برادر ممالک پر انحصار کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے سعودی عرب میں پرتپاک استقبال کے موقع پر پاک سعودی دفاعی معاہدے کی کامیابی پر سعودی عوام نے سڑکوں پر نکل کر بلند آواز میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
ثمرہارون بلور نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کا سہرا نہ صرف شہباز شریف حکومت کے سر جاتا ہے بلکہ پاک فوج خاص طور پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اس میں برابر کی حصہ دار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں شریف خاندان کے اپنے مراسم ہیں، مگر یہ معاہدہ ملکی سلامتی اور خطے کے استحکام کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ نے ایران پر پابندیاں ختم کرنے کی قرارداد مسترد کر دی
رکن اسمبلی نے اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحیت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنی فوج پر فخر کرتا ہے کیونکہ یہ واحد ملک ہے جہاں ہر شہری فوج کا رکن ہوتا ہے، اور وہ ہر ممکن حد تک اپنی طاقت کو بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ثمرہارون بلور نے کہا کہ پاک سعودی معاہدے کے بعد سعودی عوام میں یہ جذبہ پیدا ہوا ہے کہ وہ محفوظ ہیں اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔





