کوہستان میگا اسکینڈل میں ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں سی اینڈ ڈبلیو داسو کوہستان کے ہیڈ کلرک قیصر اقبال نے احتساب عدالت میں پلی بارگین کی درخواست جمع کرا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، نیب نے اس درخواست پر ابتدائی کارروائی شروع کر دی ہے اور چند روز میں حتمی فیصلے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی چینل(دنیا نیوز)کے مطابق ملزم قیصر اقبال نے عدالت میں اپنے بینک اکاؤنٹس اور اربوں روپے مالیت کے اثاثوں کا مکمل ریکارڈ بھی پیش کیا ہے۔ نیب حکام کے مطابق، ملزم کے 10 ارب روپے سے زائد کے اثاثے اور بینک بیلنس موجود ہیں، جن کی تفصیلی جانچ پڑتال کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق قیصر اقبال اس وقت ایبٹ آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج ہیں، جہاں وہ دل، پھیپھڑوں اور کینسر جیسے مہلک امراض میں مبتلا ہیں۔ اپنی جسمانی حالت کے پیش نظر انہوں نے عدالت سے پلی بارگین کی درخواست جلد منظور کرنے کی استدعا کی ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق، قیصر اقبال نے واجب الادا تمام رقوم واپس کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے، جو اس اسکینڈل میں قومی خزانے کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کی تلافی کی طرف اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔
عدالتی و قانونی ماہرین کے مطابق، اگر پلی بارگین کی یہ درخواست منظور ہوتی ہے، تو یہ کوہستان میگا اسکینڈل کی تحقیقات میں ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے، جو دیگر ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائی کا راستہ ہموار کرے گی





