حارث رؤف کا بھارتی شائقین کو 0-6 کا نشان دکھانے کا اشارہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

حارث رؤف کا بھارتی شائقین کو 0-6 کا نشان دکھانے کا اشارہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ ایشیا کپ میچ کے دوران پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کا بھارتی تماشائیوں کو ’’0-6‘‘ کا ہاتھ سے اشارہ دینا سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے، جس نے کرکٹ کے میدان میں سیاسی اور تاریخی یادوں کو تازہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب میچ کے دوران حارث رؤف باؤنڈری لائن پر فیلڈنگ کر رہے تھے، اور قریب موجود بھارتی شائقین کی جانب سے ہوٹنگ کی گئی۔ اس پر حارث رؤف نے ہاتھ کے اشارے سے’’0-6‘‘ کا نشان بنایا اور ساتھ ہی رافیل طیارے کے گرائے جانے کی نقل بھی کی، جس کا اشارہ پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی طیارے مار گرائے جانے کے واقعے کی طرف تھا۔

میدان میں موجود پاکستانی تماشائیوں نے بھی ’’رافیل رافیل‘‘ کے نعرے لگا کر اس ردعمل کا بھرپور ساتھ دیا، جس کے بعد یہ لمحہ نہ صرف کیمرے کی آنکھ میں قید ہو گیا بلکہ چند ہی لمحوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ ’’0-6‘‘ کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر، انسٹاگرام اور فیس بک پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہو گیا۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا’’حارث رؤف ٹھیک ٹکرا، کم چک کے رکھ۔ کرکٹ میچ تو ہوتے رہتے ہیں، لیکن 6 صفر کی ہزیمت انڈیا قیامت تک نہیں بھولے گا، اور دنیا بھی یاد رکھے گی۔‘‘

سوشل میڈیا صارفین نے بھی واقعے پر دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ’’ہم شاید میچ نہ جیت سکے، لیکن پیغام ضرور پہنچا دیا۔‘‘

یاد رہے کہ حارث رؤف کا اشارہ اُس تاریخی واقعے کی طرف تھا جب مئی میں پاک-بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے تھے، جسے آج بھی قومی فخر کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔

Scroll to Top