فخر زمان کے غلط آؤٹ پر ہنگامہ،’ناٹ آؤٹ‘ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

فخر زمان کے غلط آؤٹ پر ہنگامہ،’ناٹ آؤٹ‘ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں کھیلے گئے پاکستان اور بھارت کے اہم ترین میچ کے دوران فخر زمان کے متنازع آؤٹ نے شائقین کرکٹ کو ہلا کر رکھ دیا۔ سوشل میڈیا پر #NotOut ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، جہاں مداحوں نے امپائرنگ کے فیصلے پر شدید ردعمل دیا۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستان کے اوپنر فخر زمان کو بھارتی وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ قرار دیا گیا، حالانکہ ری پلے میں واضح دکھائی دیا کہ گیند زمین کو چھو کر دستانوں میں گئی۔ تھرڈ امپائر کے فیصلے نے مداحوں، سابق کرکٹرز اور یہاں تک کہ بھارتی صحافیوں کو بھی حیران کر دیا۔

پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے اس فیصلے کو ’’کرکٹ نہیں، بھارت بمقابلہ پاکستان + امپائرز‘‘ قرار دیتے ہوئے امپائرنگ پر سنگین سوالات اٹھائے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ ’’بھارت ہر میچ میں امپائرنگ کی سہولت کے بغیر جیت نہیں سکتا‘‘۔

معروف گلوکار علی ظفر نے بھی ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے فخر زمان کے آؤٹ کو ’’واضح غلط فیصلہ‘‘ قرار دیا، تاہم ٹیم کو بیٹنگ کارکردگی پر سراہا۔

ادھر بھارتی صحافی راہول راوت نے بھی اس فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا’’ری پلے میں لگتا ہے گیند زمین کو چھو کر وکٹ کیپر کے گلوز میں گئی، یہ آؤٹ نہیں ہونا چاہیے تھا۔‘‘

سوشل میڈیا پر ہزاروں صارفین نے تھرڈ امپائر کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا اور آئی سی سی سے امپائرنگ کے نظام پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے فوری طور پر کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا، لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ معاملہ ایشین کرکٹ کونسل میں اٹھایا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top