پاکستان کا افغانستان سے درآمدات میں اضافہ، برآمدات میں کمی

پاکستان کا افغانستان سے درآمدات میں اضافہ، برآمدات میں کمی

وزارتِ تجارت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی افغانستان سے درآمدات میں اگست 2025ء میں ماہانہ بنیاد پر 50 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ برآمدات میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اگست میں افغانستان سے درآمدات 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئیں جو جولائی کے مقابلے میں 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز سے زیادہ ہیں۔ سالانہ بنیاد پر بھی افغانستان سے درآمدات میں 16 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جولائی اور اگست کے دوران مجموعی طور پر 8 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں افغانستان سے کل درآمدات کا حجم 9 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہا۔

دوسری جانب افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات میں اگست 2025ء میں ماہانہ بنیاد پر 13 فیصد اور سالانہ بنیاد پر ایک فیصد کمی ہوئی۔ اگست میں برآمدات 8 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں افغانستان کو پاکستانی برآمدات کا مجموعی حجم 19 کروڑ ڈالرز تھا۔

وزارتِ تجارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی کی یہ صورتحال تجارتی توازن پر اثر ڈال سکتی ہے، جس کے لیے متوازن حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top