پاک سعودی معاہدہ اسلامی دنیا کی وحدت کے لیے نقطۂ آغاز ثابت ہوگا،مولانا فضل الرحمان

پشاور: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کے تناظر میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سعودی سفیر کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

عشائیہ میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سید آل خان ناصر اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسلامی بلاک روزِ اول سے ہمارے منشور کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک سعودی معاہدہ اسلامی دنیا کی وحدت کے لیے نقطۂ آغاز ثابت ہوگا۔

مولانا نے کہاکہ جے یو آئی کی جانب سے مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان تاریخی معاہدے پر محترم سفیر کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی گہرائی میں اضافہ کرے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے اس دفاعی معاہدے کو اجتماعی سلامتی کا مضبوط ستون اور امتِ مسلمہ کے درمیان مطلوبہ اتحاد کی نمائندگی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں مسلم اُمہ کی قیادت کی صلاحیت موجود ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ ثبوت ہے کہ امت مسلمہ کے مفادات ایک ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مملکت سعودی عرب، حرمین شریفین کی نگہبانی کے اعزاز کے ساتھ، تمام مسلمانوں کے دلوں میں ایک بلند مقام رکھتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے دفاع کو ایک عظیم اعزاز اور مقدس مذہبی فریضہ سمجھتے ہیں۔

مولانا نے کہا کہ یہ معاہدہ اسلامی مقدسات کے وقار اور تحفظ کی نمائندگی کرتا ہے۔

انہوں نے اسے اسلامی ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی ترغیب اور ملت اسلامیہ کی مضبوطی، یکجہتی اور اتحاد کو بحال کرنے کا محرک قرار دیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ اس مبارک قدم کو برکت دے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام مملکت اور پوری اسلامی قوم کے عروج اور نشاۃ ثانیہ کا سبب بنے گا۔

اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا، “مولانا فضل الرحمان کو ہمیشہ اتحاد امت کے حوالے سے فکرمند پایا ہے۔”

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اس معاہدے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

سعودی سفیر نے کہا کہ امت مسلمہ جسدِ واحد ہے۔

تقریب میں مولانا راشد سومرو، مولانا سعید یوسف، انجینئر ضیاء الرحمان، مولانا اسجد محمود، سینیٹر احمد خان، سینیٹر دلاور خان، نور عالم خان، مفتی اویس عزیز، مفتی ابرار اور جلال الدین ایڈووکیٹ نے بھی شرکت کی۔

Scroll to Top